اسلام آباد چیمبر 18 اکتوبر کو سالانہ بریسٹ کینسر آگاہی پروگرام کا انعقاد کرے گا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 18 اکتوبر ہفتہ کو اپنے آڈیٹوریم میں سالانہ بریسٹ کینسر آگاہی پروگرام (پنک ربن) کا انعقاد کرے گا ۔تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان (ہلال امتیاز، تمغہ امتیاز) بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی ۔

آگاہی سیشن سے صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود، چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ طارق صادق اور جنرل سرجن اور بریسٹ کینسر کے علاج کی ماہر ڈاکٹر سعیدہ یاسمین بھی خطاب کریں گے۔ آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ چیمبر اپنے معاشی استحکام کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ سماجی اور صحت کے مقاصد کو فروغ دینے کے اپنے عزم پر بھی کاربند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات آئی سی سی آئی کی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں اور چیمبر مستقبل میں بھی سرکاری اور نجی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر آگاہی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا۔سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ چھاتی کا کینسر صرف ایک صحت کا چیلنج ہی نہیں بلکہ ایک سماجی ذمہ داری بھی ہے اور اجتماعی آگاہی جان بچانے کی طرف پہلا قدم ہے اور توقع ہے کہ خواتین کی بڑی تعداد اس سیشن میں شرکت کرے گی۔