کوہاٹ ،سیکیورٹی خدشات جنرل کونسلر کی دو نشستوں پرہونیوالے بلدیاتی ضمنی انتخابات ایک ہفتے کیلئے ملتوی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:02

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے کوہاٹ میںجنرل کونسلر کی دو نشستوں پر19 اکتوبر2025 کوہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات سیکیورٹی خدشات کی بنا ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ نیبرہوڈ کونسل 2 پیر عبداللہ شاہ اورویلج کونسل3 بہادرکوٹ میں جنرل نشست کی دو سیٹوں پر ضمنی انتخابات 19 اکتوبر کو ہونا قرار پائے تھے تاہم ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفسیرکوہاٹ کی درخواست پر کوہاٹ میں موجودہ امن و امان کی صورتحال کے باعث ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کردیئے گئے۔

(جاری ہے)

یہ انتخابات اب 28 اکتوبر2025 منعقدہوں گے۔ ادھر ذرائع کے مطابق انتخابات ملتوی کرنے کی بڑی وجہ کوہاٹ میں پرسوں گھمکول شریف کا سالانہ عرس بھی بتایاجاتا ہے جس کے پرامن انعقاد کیلئے مقامی انتظامیہ اور پولیس امن وامان قائم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔خیال رہے کہ گھمکول شریف کا سالانہ عرس آج جمعہ سے شروع ہورہاہے جو تین روز جاری رہ کر اتوار کے روز اختتامی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیرہوگا۔ عرس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعدادمیں گھمکول شریف کے پیروکاروں اور عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔