کوئٹہ میں دو ہزار بستروں کےہسپتال کی ضرورت ہے ،بریسٹ کینسر کےخاتمہ کیلئے جدید سہولیات کے ساتھ علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا ،گورنربلوچستان

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا مرکز ہے جہاں صرف دو یا تین ہسپتال شہر کی 40 لاکھ آبادی کی طبی ضرورت کو پورا کر رہے ہیں، صحت کی دیکھ بھال میں بڑے پیمانے پر توسیع کی اشد ضرورت واضح ہے جس کیلئے دو ہزار بستروں کے جدیدترین ہسپتال کے قیام کی ضرورت ہے۔ صو بہ کے اہم طبی مرکز کے طور پر کوئٹہ اپنے رہائشیوں کو معیاری علاج اور طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک مضبوط انفراسٹرکچر کا مطالبہ کرتا ہے۔

بریسٹ کینسر کےخاتمہ کیلئے ہم مجوزہ ہسپتال کوجدید سہولیات کے ساتھ علاج معالجہ فراہم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے بیوٹمز یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام بریسٹ کینسر سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر بیوٹمز یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پروفیسر ڈاکٹر ظہور بازئی، وائس چانسلر بولان میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، پرووائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی، پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم شاہوانی پروفیسر ڈاکٹر عاصمہ یوسفزئی،محترمہ تہانی جاوید (چیف آرگنائزر)، ڈاکٹر رمیز اسحاق، ڈاکٹر عبدالواجد، ڈاکٹر گوہرام، ڈاکٹر عمرانہ نیاز سلطان، ڈاکٹر روزینہ شیخ اور ڈاکٹر شاہجہان شبیر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بریسٹ کینسر دنیابھر میں عام کینسر ہے، پاکستان میں بھی ہر سال ہزاروں خواتین میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوتی ہے۔ اس سلسلہ میں یہ پیغام اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ احتیاط ہی زندگی ہے۔ ماں کی تندرستی میں درحقیقت پورے خاندان کی صحت مندی کا راز پنہاں ہے، ضروری ہے کہ یونین کونسل کی سطح پر بریسٹ کینسر سے متعلق زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگا ہی دیں اور تشخیص کے آسان طریقے روشناس کرائیں۔

متوازن غذا، باقاعدگی سے ورزش اور صحت مند وزن کے ساتھ چھاتی کے کینسر کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے بریسٹ کینسر سے بچائو اور آگاہی کے حوالے سے کامیاب سیمینار کے انعقاد پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور بیوٹمز یونیورسٹی کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز پر زور دیا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک روشن اورصحت مند مستقبل کو یقینی بنائیں۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے مہمانان گرامی اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں ۔