کیلیفورنیا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نے انسانوں سے بہتر ذہانت کے ساتھ چلنے اور اڑنے والا ٹرانسفارمنگ روبوٹ لانچ کردیا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 08:40

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) کیلیفورنیا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (کالٹیک) نے انسانوں سے بہتر ذہانت کے ساتھ چلنے اور اڑنے والا ٹرانسفارمنگ روبوٹ لانچ کردیا۔العربیہ کے مطابق کیلیفورنیا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نے ابوظہبی میں ٹیکنالوجی انوویشن انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے تین سال کی مسلسل ترقی کے بعد ایک انقلابی روبوٹک نظام کی نقاب کشائی کی جو چلنے، اڑنے اور ڈرائیونگ کو ایک ہی ڈیوائس میں یکجا کرتا ہے۔

نئے روبوٹ کو ’’ ایکس ون ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ پہلی نظر میں یہ عام طور پر چلنے والا ایک بائی پیڈل روبوٹ دکھائی دیتا ہے لیکن حیرت اس وقت شروع ہوتی ہے جب اسے کسی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس موقع پر اس کا بیک پیک اسے ایک ایسے ڈرون میں تبدیل کرنے کے لیے الگ ہو جاتا ہے جو جھیل یا رکاوٹ کے اوپر منڈلا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف اترنے سے پہلے پہیوں کو کھول کر یہ ایک چھوٹی گاڑی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

محققین اس نظام کو بے مثال صلاحیتوں کے ساتھ تبدیل کرنے والا روبوٹ قرار دیا ہے۔ یہ ماحول کی نوعیت اور اسے درپیش رکاوٹوں پر منحصر ہوتا ہے کہ روبوٹ نے چلنا، اڑنا یا ڈرائیونگ کرنا ہے۔ روبوٹ لوکوموشن کے سب سے مناسب ذرائع کا انتخاب کر سکتا ہے۔ ویب ’’ ڈیجیٹل ٹرینڈز ‘‘کی طرف سے شائع کردہ رپورٹ کا العربیہ بزنس نے جائزہ لیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ صلاحتیں اسے زیادہ تر روایتی روبوٹس سے الگ کرتی ہیں۔