اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام کا مختلف علاقوں کا دورہ، چیئر لفٹس کا معائنہ کیا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 10:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام شیر دل احمد نے اسسٹنٹ کمشنر رضوان برکی کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور چیئر لفٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں افسران نے چیئر لفٹس کے حفاظتی انتظامات، کیبلز کی مضبوطی، سٹیل ڈھانچے کی حالت، آپریٹنگ سسٹم اور مسافروں کے لئے فراہم کردہ سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقع پر موجود لفٹ مالکان اور آپریٹرز کو ہدایت کی کہ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور لفٹوں کی روزانہ کی بنیاد پر فنی چیکنگ، حفاظتی بیلٹس اور مشینری کی دیکھ بھال کو معمول بنایا جائے۔ افسران نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا حفاظتی اصولوں سے انحراف برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام لفٹس پر نمایاں مقامات پر حفاظتی ہدایات آویزاں کی جائیں تاکہ عوام کو استعمال کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہی حاصل ہو۔

اسسٹنٹ کمشنر شیر دل احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور اس سلسلے میں چیئر لفٹوں کے تمام مالکان انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔