پولیو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر دیتا ہے،ڈاکٹرنوید احمد سڈل

جمعہ 17 اکتوبر 2025 12:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا ہے کہ پولیو ایک خطرناک اور لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذورکر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے صرف دو قطرے ہر بچے کو اس موذی مرض سے محفوظ بنا سکتے ہیں، لہٰذا والدین کو اپنی معمولی لاپرواہی سے گریز کرتے ہوئے ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو یہ قطرے ضرور پلانے چاہییں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ حکومتِ پنجاب اور محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر پولیو ویکسین فراہم کر رہی ہیں تاکہ کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو مکمل تعاون فراہم کرنا والدین کی قومی ذمہ داری ہے، کیونکہ ایک بچے کی محرومی پورے معاشرے کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ صرف اجتماعی کوششوں سے ممکن ہے۔ عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا سب کو اس مہم کا حصہ بننا چاہیے تاکہ ملک کو ہمیشہ کے لیے پولیو فری بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوٹلی لوہاراں کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔