سرگودھا، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

جمعہ 17 اکتوبر 2025 12:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں آج ہونے والے صوبائی امن و امان اجلاس کے فیصلوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

شرکاء نے پنجاب حکومت کے اقدامات کی مکمل تائید کی۔ علمائے کرام اور کمیٹی اراکین نے کہا کہ شرانگیزی، نفرت یا انتشار پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

حکومتِ پنجاب کا مؤقف بروقت اور درست ہے کہ ریاست کا ہدف صرف فساد پھیلانے والے عناصر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ سرگودھا میں امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

انتظامیہ، پولیس اور امن کمیٹی مل کر صوبائی حکومت کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور سوشل میڈیا قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ نفرت انگیز مواد پھیلانے یا تشدد کو ہوا دینے والوں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم میں امن، بھائی چارے اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔