خیبرپختونخوا میں تیسرے ضمنی بلدیاتی انتخابات 19اکتوبر کو ہوں گے،الیکشن کمیشن

جمعہ 17 اکتوبر 2025 14:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں12 مختلف کیٹگریز کی خالی نشستوں پر تیسرے ضمنی بلدیاتی انتخابات 19اکتوبر کو ہوں گے۔الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق انتخابی مہم17 اور 18 اکتوبر کے درمیانی شب ختم ہوجائیگی،پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 4 بجے تک جاری رہیگی۔ضمنی بلدیاتی انتخابات 7 اضلاع کے 12 خالی نشستوں پر ہوں گے جن میں جنرل، خواتین، مزدور و کسان اور نوجوانوں کے لئے مخصوص خالی نشستیں شامل ہیں۔

جن اضلاع میں انتخابات منعقد ہو رہے ہیں ان میں کوہاٹ،ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ،ملاکنڈ ، شانگلہ اور اپر دیر شامل ہیں۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے شفاف انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر 88،359 افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، کل 66 پولنگ اسٹیشنز اور 201 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ، 23 پولنگ اسٹِشن حساس اور 5 پولنگ اسٹیشن زیادہ حساس قرار دئے گئے ہیں جبکہ انتہائی حساس قرار دئیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔

پولنگ عملہ کو انتخابی سامان بشمول بیلٹ پیپرز بروز ہفتہ حوالہ کرکے اپنے اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنوں کو روانہ کر دیا جائیگا۔صوبائی الیکشن کمیشنر نے تمام ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف وخطر 19 اکتوبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔