Live Updates

سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کو تحقیقات کے لیے طلبی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نوٹس کے مطابق آئی جی اسلام آباد پولیس جے آئی ٹی ممبر ہیں۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ مسئلہ بتایا جائے مسئلہ ہے کیا فردوس شمیم نے کہا کہ میری 70 سال عمر ہے سندھ کا رہائشی ہوں۔ بیمار ہوں میرے ساتھ ظم کیا جارہا ہے، پتا چلا ہے میرے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی اسلام آباد پولیس کو تو ہم حکم نہیں دے سکتے۔

(جاری ہے)

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ مجھے بار بار اسلام آباد کیوں بلاتے ہیں جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ فردوس شمیم نقوی کی ہم عزت کرتے ہیں کہتے ہیں تو آئی جی سندھ کو حکم دے دیتے ہیں۔

اب ایف آئی کا پیکا سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اب این سی سی آئی اے پیکا کے تحت کارروائی کرسکتا ہے۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ایف آئی اے نے فردوس شمیم نقوی کو مختلف نوٹسز کے زریعے اسلام آباد طلب کیا۔ نوٹس پر جاری ہونے کی تاریخ درج نہیں ہے جبکہ نوٹس طلبی کی تاریخ کے بعد موصول ہوئے۔ معلوم ہی نہیں ایف آئی اے کن الزامات پر تحقیقات کے لیے طلب کررہا ہے۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق سندھ ہائیکورٹ آئی جی اسلام آباد سے جواب طلبی کا مجاز نہیں۔ پہلے جو کیسز ایف آئی اے کے پاس تھے اب این سی سی آئی اے کو منتقل ہوچکے ہیں ایک عمر رسیدہ شخص کو ادھر ادھر کیوں گھما رہے ہیں درخواستگزار کیخلاف کوئی کیس زیر التوا ہے تو رپورٹ جمع کرائیں۔ عدالت نے این سی سی آئی اے سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارلس دیئے کہ بتایا جائے درخواستگزار کیخلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کون سے الزامات پر تحقیقات کررہا ہے۔ عدالت نے فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات