الیکشن کمیشن ، پنجاب سے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں نمٹانے کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز قائم

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب سے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں نمٹانے کے لئے اپیلٹ ٹربیونلز قائم کر دیے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 185 ڈی جی خان اور پی پی 269 مظفرگڑھ کے لئے لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس چوہدری محمد اقبال اور پی پی 115 اور 116 فیصل آباد کے لئے لاہور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد کی تعیناتی بطور اپیلٹ ٹربیونلز کی گئی ہے۔

ان تین حلقوں میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 اکتوبر تک ہوگی، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 24 اکتوبر تک دائر کی جاسکیں گی اور ٹربیونل کی جانب سے انہیں31اکتوبر تک نمٹایا جائےگا۔ امید واروں کی نظر ثانی شدہ فہرست یکم نومبر کو جاری کی جائے گی،کاغذات نامزدگی 3نومبر کو واپس لیے جا سکیں گے جبکہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 4 نومبر کو اور پولنگ 23 نومبر کو ہو گی۔