ووٹ قوم کی امانت اور جمہوریت کی بنیاد ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:43

شہید بینظیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد محمد یوسف مجیدانو کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس انکے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ووٹر آگاہی مہم، عوام میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے، خواتین، معذور افراد، بزرگ شہریوں اور نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن یقینی بنانے کے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور رجسٹریشن مہم کو تیز کرنے کے لیے پلان ترتیب دیا گیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف مجیدانو نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت اور جمہوریت کی بنیاد ہے، اس لیے ہر شہری کو اپنے ووٹ کے اندراج اور استعمال میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں، سماجی تنظیموں اور میڈیا کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ووٹر آگاہی مہم کو عام لوگوں تک پہنچانے میں الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری حمیرا میر، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز شہناز لاکھو، ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر حسین علی رند، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ذوالفقار رند، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اشفاق مشوری، ہیڈ مسٹریس شبانہ ناز صدیقی، نصرت شاہ، لعل چند اور دیگر کمیٹی ممبران نے شرکت کی اور عوامی سطح پر آگاہی بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔\378