پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی ممبرنے ایچ ای سی کے قومی ریسرچ پروگرام کیلئے فنڈنگ حاصل کر لی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) پنجاب یونیورسٹی سکول آف بائیوکیمسٹری اینڈبائیوٹیکنالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مزمل رحمان نے نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز (این آر پی یو) کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحقیقی منصوبوں کے لیے فنڈنگ حاصل کر کے قومی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات سے ہزاروں ریسرچ پروجیکٹس موصول ہوئے، جن میں سے صرف چند ایک منصوبوں کو منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

ان میں پنجاب یونیورسٹی کے تین منصوبے شامل ہیں، جن میں سے ایک میں ڈاکٹر حافظ مزمل رحمان بطور پرنسپل انویسٹیگیٹر جبکہ دوسرے منصوبے میں کولیبریٹرکے طور پر شامل ہیں۔اس طرح تین میں سے دو میں ڈاکٹر مزمل کا ہونا ان کی تحقیقی صلاحیت کی عکاسی کرنے کے ساتھ سکول آف بائیوکیمسٹری اینڈ بائیوٹیکنالوجی کے علمی وقار اور جامعہ پنجاب کی تحقیقی شناخت اور ساکھ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کامظہر ہے۔واضح رہے کہ سال 2025 میں پنجاب یونیورسٹی میں ریسرچ فنڈنگ کے لحاظ سے سب سے بڑی گرانٹ بھی ڈاکٹر حافظ مزمل رحمان کو ہی حاصل ہوئی ہے۔قبل ازیں حافظ مزمل رحمان پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں بطور فرانزک سائنسدان فرائض انجام دے چکے ہیں۔