علم کی ترویج اور مطالعہ کی عادات کو فروغ دینے میں لائبریرینز کااہم کردارہے، ڈاکٹر محمد علی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ علم کی ترویج اور مطالعہ کی عادات کو فروغ دینے میں لائبریرینز کااہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لائبریرینز آرگنائزیشن کی 50سالہ گولڈن جوبلی تقریب و سالانہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے پرووائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، ڈپٹی چیف لائبریرین سیف الرحمن عتیق، صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر امجد مگسی، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈی جی ڈاکٹر ریحان صادق، فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات سے لائبریرینز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ لائبریرینز کا کتابوں سے واسطہ رہتا ہے اور انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے لائبریرینز کی پروموشن کو اولین ترجیح دینی کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ میری جامعہ سے وابستگی کو چالیس سال ہو چکے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹر ہارون عثمانی اور سیف الرحمن عتیق کی پنجاب یونیورسٹی کے لئے شاندار خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے لائبریرینز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔تقریب میں ڈاکٹر ہارون عثمانی اور سیف الرحمن عتیق کی ریٹائرمنٹ پر انتظامیہ نے بھی خراج تحسین پیش کیا۔