وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی آئی ایف سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر مختار ڈیوپ سے ملاقات

اتوار 19 اکتوبر 2025 01:10

واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے دورۂ امریکہ کے دوران انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی ) کے مینیجنگ ڈائریکٹر، مختار ڈیوپ سے ملاقات کی۔وزیرِ خزانہ نے آئی ایف سی کی حالیہ تنظیمِ نو میں پاکستان کو علاقائی مرکز کا درجہ دینے پر شکریہ ادا کیا اور اسے پاکستان کی معیشت پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختار ڈیوپ کو ریکودیک منصوبے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ ایگزِم بینک جلد اس منصوبے میں شمولیت اختیار کرے گا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ذیلی سطح پر مالیاتی تعاون اور ڈیجیٹل پیمنٹ رائٹس کے منصوبوں میں آئی ایف سی کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے دوا سازی، الیکٹرک گاڑیوں، اور کموڈیٹی ایکسچینجز کے شعبوں میں آئی ایف سی کے مشاورتی کردار کی بھی تعریف کی۔وزیرِ خزانہ نے آئی ایف سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے آئندہ بہار اجلاس کے موقع پر پاکستان کے متوقع دورے کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر وزیرِ خزانہ اور مختار ڈیوپ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان سواپ ایگریمنٹ پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔