غزہ میں 10 ہزار بے گھر خاندانوں کو آباد کردیا، مصری کمیٹی

بے گھر ہزاروں افراد کے لیے پناہ گاہیں تیار کرنے کے لیے کام شروع کر دیا،بیان

اتوار 19 اکتوبر 2025 12:05

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) غزہ میں مصری کمیٹی کے ترجمان محمد منصور نے کہا ہے کہ کمیٹی نے شمالی غزہ کی پٹی میں اپنا کام شروع کر دیا ہے جہاں اس نے بے گھر خاندانوں کی رہائش کے لیے مخصوص مقامات کی تیاری شروع کر دی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ترجمان نے کہا کہ اب تک 13 اہم مقامات تیار کیے گئے ہیں جن میں خیموں اور بنیادی خدمات کی سہولیات سے لیس کیمپ بھی شامل ہیں اور 10 ہزار سے زیادہ خاندانوں کو آباد کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی نے شمالی غزہ کی پٹی میں بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کے لیے پناہ گاہیں تیار کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ کمیٹی پانی کی تقسیم کر رہی ہے، کنویں کھود رہی ہے اور اس نے بیکریاں چلانا شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

فلسطینیوں کو ان کی لچک کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری سامان فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فی الحال آنے والے دنوں میں مزید خاندانوں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے اضافی جگہیں تیار کرنے کے لیے کام جاری ہے۔

خاص طور پر شمالی علاقوں میں جہاں مکینوں کی بتدریج واپسی ہو رہی ہے اضافی مقامات تیار کرنے پر کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مصری کمیٹی اس وقت متاثرہ علاقوں میں بنیادی زندگی کے چکر کو بحال کرنے کے ہنگامی منصوبے کے تحت تباہ شدہ بیکریوں اور ہسپتالوں کی بحالی اور چلانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 20 سے زائد بیکریوں کی بحالی کی گئی ہے جن میں روزانہ تقریبا 20 ہزار روٹیوں کی پیداواری صلاحیت ہے۔

کمیٹی کے کیمپوں میں چھ طبی مراکز کو سامان سے لیس کیا گیا ہے۔مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے شرم الشیخ معاہدے کے دوسرے مرحلے کے لیے فوری مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تقریبا 50 ہزار فلسطینی شدید زخمی ہیں اور انہیں علاج کے لیے موبائل طبی کلینک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بنیادی خدمات کی فراہمی کے علاوہ سردیوں کے موسم میں فلسطینیوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بدر عبدالعاطی نے مزید کہا کہ اس وقت بین الاقوامی تعمیر نو کانفرنس کی تنظیم کو تیز کرنے کے لیے رابطہ کاری جاری ہے۔ یہ کانفرنس آئندہ نومبر میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ کئی ممالک نے کانفرنس میں شرکت اور سپانسر کرنے کی درخواست کی ہے۔ بدر عبدالعاطی نے انکشاف کیا کہ تعمیر نو کے منصوبے کو فلسطینی حکومت کے ساتھ مل کر اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ نقصان کا تخمینہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تعمیر نو کے عمل میں ترجیح دھماکا خیز مواد اور ملبے کو ہٹانا اور امداد کی فراہمی ہوگی۔