کیا پہلے سے ذبح مرغی کی فروخت پر پابندی لگ گئی؟ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وضاحت جاری کردی

تمام فوڈ وینڈرز کو پورے صوبے میں محفوظ اور صحت مند مرغی کے گوشت کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے حفظان صحت کے پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنا چاہیئے؛ اتھارٹی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 اکتوبر 2025 12:34

کیا پہلے سے ذبح مرغی کی فروخت پر پابندی لگ گئی؟ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے پہلے سے ذبح شدہ چکن کی فروخت پر صوبے بھر میں پابندی عائد کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے ان دعوؤں کو جھوٹ، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا۔ اس حوالے سے جاری کردہ اپنے سرکاری بیان میں اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اس نے ایسے مرغی کے گوشت کی فروخت پر پابندی لگانے کے لیے کوئی ہدایت یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جسے مناسب طریقے سے ذبح کیا گیا ہو، یہ وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر تصدیق شدہ خبروں کے بعد سامنے آئی، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دکانداروں کو پہلے سے گوشت فروخت کرنے کی بجائے صارفین کے سامنے مرغیاں ذبح کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ اس کی بنیادی توجہ پولٹری کے کاروبار پر غیر ضروری پابندیاں لگانے کی بجائے فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے اور پنجاب بھر میں معیار کو برقرار رکھنے پر ہے، حکام نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ غیر تصدیق شدہ دعوے پھیلانے سے گریز کریں اور صرف سرکاری سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کردہ معلومات پر انحصار کریں۔

(جاری ہے)

پی ایف اے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام فوڈ وینڈرز کو پورے صوبے میں محفوظ اور صحت مند مرغی کے گوشت کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے حفظان صحت کے پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنا چاہیئے جب کہ تصدیق شدہ اپ ڈیٹس یا فوڈ سیفٹی کی شکایات کے لیے شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں یا ریئل ٹائم معلومات کے لیے محکمہ کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا چینلز دیکھیں۔