بلاول بھٹو زرداری کی دیوالی کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو مبارکباد

پیر 20 اکتوبر 2025 14:19

بلاول بھٹو زرداری کی دیوالی کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے روشنیوں، امید اور تجدید کے تہوار دیوالی کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ روشنی ہمیشہ اندھیرے پر غالب آتی ہے اور نفرت و تقسیم پر سچ، امن اور محبت ہی ہمیشہ فتح پاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی ایک ترقی پسند اور جامع پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے، جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے وقار اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزاریں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی ثقافتی و قومی زندگی میں ہندو برادری کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ دیوالی کے حقیقی جذبے یعنی ہمدردی، اتحاد اور امید کو اپنائیں۔ انہوں نے ہندو برادری کے لیے اپنی نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگیاں ہمیشہ دیوالی کی روشنیوں کی طرح خوشیوں، ہم آہنگی اور خوشحالی سے جگمگاتی رہیں۔آپ کو دیوالی کی مبارک باد۔