Live Updates

گیس پائپ لائن پر حملے کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 8 خوارج ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کی پائپ لائن بچھانے والی ٹیم نے دہشت گردوں کی نشاندہی کی تھی

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 اکتوبر 2025 12:20

گیس پائپ لائن پر حملے کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس پائپ لائن پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے جھڑپ میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی پائپ لائن بچھانے والی ٹیم کی جانب سے نشاندہی کے بعد جھڑپ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران گیس پائپ لائن پر حملے کا ارادہ رکھنے والے 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کی پائپ لائن بچھانے والی ٹیم نے دہشت گردوں کی نشاندہی کی تو پائپ لائن بچھانے والے عملے کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر قریبی جنگل میں فتنۃ الخوارج کے ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا، خوارج کی یہ تشکیل پائپ پلائن بچھانے والی ٹیم پر حملے کا ارادہ رکھتی تھی۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں کے مغل کوٹ سیکٹر میں فورسز نے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس کامیاب آپریشن کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کے طارق کچھی گروپ کی تشکیل کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے سرغنہ طارق کچھی اور حکیم اللہ عرف ٹائیگر کو جہنم واصل کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے ہلاک دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا، خارجی طارق کچھی کی تشکیل پچھلے 2 سال سے دہشتگردانہ کارروائیوں میں متحرک تھی، خارجی طارق کچھی کی دہشتگرد تشکیل فتنۃ الخوارج طالبان کے لیے بھتہ خوری میں بھی ملوث تھی، فتنۃ الخوارج طارق کچھی دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کیلئے سہولت کار تھا۔

علاوہ ازیں ضلع بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود چوکی مزانگہ پر فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا، فتنۃ الخوارج کے 3 دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھرے رکشہ کے ذریعے بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود چوکی مزانگہ پر حملے کی بزدلانہ کوشش کی، چوکی میں موجود پولیس کے بہادر جوانوں نے بروقت اور مستعدانہ کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے، چوکی میں موجود پولیس کے بہادر جوانوں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر رکشہ کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر پولیس جوانوں نے فائرنگ کی جس سے رکشہ وہیں زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کے نتیجے میں تینوں دہشتگرد موقع پر ہی مارے گئے۔ 
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات