نوشہرہ ورکاں، پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت 165 اجتماعی شادیوں تقریب 21 اکتوبر کو ایڈن مارکی میں ہو گی

اتوار 19 اکتوبر 2025 13:10

نوشہرہ ورکاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) پنجاب حکومت کے زیر اہتمام "پنجاب دھی رانی پروگرام" کے تحت اجتماعی شادیوں کی ایک عظیم الشان تقریب21 اکتوبر بروز منگل کو ایڈن گارڈن مارکی، اوجھلہ پل گکھڑ میں ہوگی، جس میں ضلع گوجرانوالہ کی تمام تحصیلوں سے مستحق جوڑے شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔تحصیل نوشہرہ ورکاں سے 46 جوڑے اس تقریب میں شریک ہوں گے جن میں 44 مسلمان اور دو غیر مسلم جوڑے بھی شامل ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر تحصیل نوشہرہ ورکاں،عدنان ریاض بٹ کے مطابق، پروگرام کے تحت ہر جوڑے کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دو لاکھ روپے کی مالی معاونت بذریعہ پنجاب بینک اے ٹی ایم کارڈ فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ دولہا دلہن کے عروسی ملبوسات، 20 مہمانوں کے کھانے اور دیگر شادی کے انتظامات بھی حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ضلع گوجرانوالہ کی پانچ تحصیلوں میں مجموعی طور پر 165 جوڑے اس پروگرام کے تحت رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔ اس اجتماعی شادی پروگرام کا مقصد معاشی طور پر کمزور خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی میں مالی بوجھ کم کرنا اور سماجی سطح پر باوقار مدد فراہم کرنا ہے، پنجاب دھی رانی پروگرام کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلاحی اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف والدین کو ریلیف ملے گا بلکہ مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی شادیوں کو باعزت طریقے سے ممکن بنایا جا سکے گا۔\378