محکمہ وائلڈ لائف فالکن، تیتر، بٹیر، جنگلی خرگوش، سانڈھوں اور سور کے غیر قانونی شکار پر 29 ملزمان گرفتار کر لئے

مقدمات درج ،ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی،درجنوں جنگلی پرندے ،6 نیٹنگ گئیر ضبط

اتوار 19 اکتوبر 2025 15:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) محکمہ وائلڈ لائف کی صوبہ بھر میں غیر قانونی شکار، کاروبار اور قبضہ کی روک تھام کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان وائلڈلائف کے مطابق فیصل آباد، اوکاڑہ، خوشاب، لیہ، خانیوال، ملتان، لودھراں، راولپنڈی، بہاولنگر، بہاولپور، مظفرگڑھ اور ڈی جی خان میں کارروائیوں کے دوران فالکن، تیتر، بٹیر، جنگلی خرگوش، سانڈھوں اور سور کے غیر قانونی شکار پر 29 ملزمان گرفتار کئے گئے ۔

12 مقدمات درج کر کے ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی ۔کارروائیوں کے دوران وائلڈ لائف رینجرز نے درجنوں جنگلی پرندے اور 6 نیٹنگ گئیر ضبط ،اوکاڑہ میں فالکن کے شکاری کو گرفتار کرکے کبوتر اور بٹیرا برآمد کر لئے گئے ۔ترجمان کے مطابق سرگودھا ریجن میں 25 کبوتر اور 26 دوگزے برآمد کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرایاگیا ،بہاولپور میں بٹیر کے دو شکاریوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا ، راولپنڈی میں غیر قانونی شکار اور کاروبار پر 3 چالان کر کی1 لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا،چکوال میں تیتر، سور اور خرگوش کے شکار پر 3 ملزمان کو 1 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانہ عائد کئے گئے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق فیصل آباد میں بٹیر نیٹنگ گئیر ضبط کر کے کارروائی شروع جبکہ لیہ میں فالکن کے شکاری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ملتان، خانیوال اور لودھراں میں فالکن اور بٹیر کے 4 نیٹنگ گئیر ضبط کر کے فالکن کے شکاری کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ۔بہاولنگر میں فالکن کے 3 شکاری گرفتار کر کے گئیر اور پرندے تحویل میں لے کر مقدمے کا اندراج کرایا دیا گیا ، اٹک میں تیتر، کبوتر اور رشین ڈو کے 4 شکاریوں کے خلاف مقدمات درج جبکہ اٹک میں بٹیر کے شکاری کو 52 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ڈی جی خان اور مظفرگڑھ میں فالکن اور مرغابی کے غیر قانونی شکار پر 6 ملزمان گرفتار کر کے پرندے اور آلات شکار ضبط کر لئے گئے۔