عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

امن و امان کے قیام کے لیے کسی بھی قیمت پر مجرموں کو قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں دیا جائے گا،میر سرفراز بگٹی

اتوار 19 اکتوبر 2025 20:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صوبے کے امن کو سبوتاژکرنے کی سنگین اور قابلِ مذمت کوشش قرار دیا ساتھ ہی واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے وزیر اعلیٰ نے فائرنگ کے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلائی جائے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق ہونے والے ولید صالح کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت غم زدہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، امن و امان کے قیام کے لیے کسی بھی قیمت پر مجرموں کو قانون کے شکنجے سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔