ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کامین ٹرانسمیشن لائن کا دورہ

اتوار 19 اکتوبر 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے اتوار کو شادی کور ڈیم سے گوادر کو پانی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمیشن لائن کا دورہ کیا، انہوں نے جاری بحالی، مرمت اور مینٹیننس کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد، پی ڈی واٹر میر جان بلوچ اور اسسٹنٹ انجینئر کمبر بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈی جی جی ڈی اے نے پسنی کے قریب کوسٹل ایریا میں جاری پائپ لائن کی تعمیر و مرمت، بحالی اور لائن کی استعدادِ کار میں اضافے کے کام کا معائنہ کیا۔یہ ٹرانسمیشن لائن تقریباً ساڑھے تین سال سے غیر فعال تھی۔ جب گوادر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا تو جی ڈی اے نے ہنگامی بنیادوں پر اس لائن کو بحال کر کے پانی کی سپلائی ممکن بنائی تاہم اس میں کئی بحالی اور بہتری کے مراحل باقی رہ گئے تھے، جنہیں اب منظم انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ لائن کی کارکردگی مزید بہتر ہو اور پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ رہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں ان علاقوں سے لیکیج اور کم پریشر کا سامنا تھا، جن کے تدارک کے لیے جی ڈی اے کی واٹر ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد شادی کور ڈیم سے گوادر تک پانی کی ترسیل کو مستحکم بنانا، لائن کی استعداد میں اضافہ کرنا اور میرانی ڈیم سے ٹینکروں کے ذریعے فراہمی پر انحصار کم سے کم کرنا ہے تاکہ شہر میں پانی کی سپلائی مستقل اور بہتر انداز میں جاری رہ سکے۔

متعلقہ عنوان :