Live Updates

26 نومبر احتجاج کیس؛ تیسری بار عدم پیشی پر علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کیلئے ڈی سی راولپنڈی کو ہدایات جاری کر دیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 اکتوبر 2025 14:40

26 نومبر احتجاج کیس؛ تیسری بار عدم پیشی پر علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں تیسری بار عدم پیشی پر سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کی جانب سے مسلسل عدم پیشی پر عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ علیمہ خان کے علاوہ مقدمے میں نامزد 10 ملزمان عدالت پیش ہوئے جہاں استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مال مقدمہ سمیت عدالت پیش ہوئے، عدالت نے علیمہ خان کی عدم حاضری پر ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے، علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کیلئے ڈی سی راولپنڈی کو ہدایات جاری کر دیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اپنایا کہ ’ملزمہ دانستہ طور پر عدالت پیش نہیں ہو رہی ہیں، ملزمہ اپنے رویے کی وجہ سے عدالتی کارروائی میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہیں‘، جس پر عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت کی طرف سے ایس پی پولیس کو حکم دیا گیا کہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے 22 اکتوبر کو پیش کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات