صدراسلامی یونیورسٹی کا ٹرانسپورٹ سٹاف کے ساتھ عشائیہ، ڈرائیورز کی بہتر خدمات کو سراہتے ہوئے اعزازیہ کا اعلان

پیر 20 اکتوبر 2025 23:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد احمد نے سینٹرل ٹرانسپورٹ یونٹ کے ڈرائیورز، کنڈکٹرز اور مکینکس کے ساتھ عشائیے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ سٹاف نے اپنے کام کے بوجھ، آرام کی سہولتوں اور سروس کی باقاعدگی کے حوالے سے اپنے مسائل کا کھل کر اظہار کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد احمد نے ان کے مسائل کو بغور سنا اور ان کے حل کے لئے مرحلہ وار اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے سب سے زیادہ دکھائی دینے والے افراد ڈرائیورز اور کنڈکٹرز ہیں جو یونیورسٹی کی ساکھ پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا کام یونیورسٹی کے امور کا ایک اہم حصہ ہے اور آپ کو عزت اور پہچان ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

صدر اسلامی یونیورسٹی نے مزید کہا کہ طلباء، جو یونیورسٹی کے مرکزی سٹیک ہولڈرز ہیں، کو بھی عزت دینی چاہئے کیونکہ وہ ہماری دیکھ بھال میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے ساتھ حسن سلوک اسلامی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔ ٹرانسپورٹ سٹاف کے مسائل کے بارے میں آگاہ ہونے کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود ٹرانسپورٹ کی نگرانی کے لئے کمیٹی کی سربراہی کریں گے تاکہ کسی بھی غیر منصفانہ جرمانے یا زیادتی سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی آئی یو آئی کے تمام ملازمین اور طلباء ایک خاندان کی طرح ہیں اور وہ ہر ایک کو اہمیت دیتے ہیں۔ایک خوش آئند اعلان میں صدر اسلامی یونیورسٹی نے ایک ماہانہ پہچان کے اقدام کا آغاز کیا جس کے تحت دس بسوں کو ہر ماہ 10,000 روپے دیئے جائیں گے جو ڈرائیورز اور کنڈکٹرز میں مساوی طور پر تقسیم کئے جائیں گے۔ یہ انعامات طلباء کی فیڈبیک اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی توثیق پر مبنی ہوں گے۔

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد احمد نے کہا کہ تمام عملہ کسی بھی مشکل کا سامنا کرتے وقت براہ راست ان کے دفتر سے رجوع کر سکتا ہے اور ان کے مسائل انصاف اور ہمدردی کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔اس پروگرام کا اختتام شکریہ اور نئی حوصلہ افزائی کے ساتھ ہوا جو صدر اسلامی یونیورسٹی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ یونیورسٹی ایک برابر کے، عزت و احترام پر مبنی ادارہ ہو۔

متعلقہ عنوان :