پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گائوں گٹیالہ میں کارروائی ،سنیکس یونٹ سے 36 ہزار کلو فنگس زدہ مونگ پھلی برآمد ،ملزم گرفتار

منگل 21 اکتوبر 2025 10:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گائوں گٹیالہ میں کارروائی کے دوران سنیکس یونٹ سے 36 ہزار کلو فنگس زدہ مونگ پھلی اور4 ہزار کلو ناقص نمکو برآمد کر لی۔ ترجمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نےجعلسازی کے کاروبار میں ملوث مالک اور منیجر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا ہے کہ یونٹ میں زائد المیعاد اور فنگس زدہ مونگ پھلی کو خشک کیا جا رہا تھا جسے بعد ازاں نمکو تیار کرنے کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔انہوں نے کہاکہ ذخیرہ شدہ ناقابلِ استعمال مونگ پھلی کی خرید و فروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا جبکہ فیکٹری میں صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود برتن، کیڑ وں کی بھرمار، کھلی نالیاں اور بدبودار ماحول پایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فروخت کے لئے تیار نمکو پر لیبلنگ نہیں کی گئی تھی اور فیکٹری عملے کے لازمی میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری نمکو کو دلکش پیکنگ لگا کر ہول سیل مارکیٹ میں سپلائی کیا جانا تھا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف تمام فوڈ پوائنٹس کی مسلسل چیکنگ جاری ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔ پنجاب بھر میں ملاوٹ اور جعلساز مافیا کا قلع قمع کرنے کے لئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ اشیائے خوردونوش خریدیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :