مردان، سیاسی شخصیت کی سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ، مقدمہ درج

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے غیر قانونی سگریٹ کے 62 کارٹن ضبط کرلئے میں گاؤں نہیں گیا، فیکٹری پر چھاپے کا کوئی علم نہیں،سینیٹر دلاورخان کی میڈیا کے رابطے پر گفتگو

اتوار 30 نومبر 2025 14:10

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2025ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مردان میں سگریٹ کی فیکٹری پر چھاپہ مار کر غیر قانونی سگریٹ کے 62 کارٹن ضبط کر لیے۔ذرائع کے مطابق فیکٹری پر چھاپہ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو نے مارا، ضبط شدہ سگریٹ پر ٹیکسز ادا نہیں کیے گئے تھے جس پر فیکٹری کو سیل کر کے مالکان پر مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ فیکٹری سینیٹر دلاور خان کی ہے اور ان کے دباؤ کے باوجود کارروائی عمل میں لائی گئی۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق غیر قانونی بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس کے دوران کوئی سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب میڈیا کے رابطے پر گفتگو میں سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ میں گاؤں نہیں گیا، فیکٹری پر چھاپے کا کوئی علم نہیں۔