شرجیل میمن کی کراچی پریس کلب آمد ، صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

بدھ 30 ستمبر 2026 19:06

شرجیل میمن کی کراچی پریس کلب آمد ، صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے، صحافی اور سیاسی جماعتیں جمہوریت کی گاڑی کے دو پہیے ہیں، دونوں ساتھ چلیں گے تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔

وہ کراچی پریس کلب کے عہدیداران کی دعوت پر پریس کلب پہنچے، جہاں صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری جنرل اسلم خان، سینئر صحافی مظہر عباس اور دیگر عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔ شرجیل میمن نے پریس کلب عہدیداران سے ملاقات کی، صحافیوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی پریس کلب میں اہم امور اور صحافیوں سے متعلق مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں صحافی برادری کے مسائل کے حل اور آزادی صحافت کیلئے آواز بلند کی ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے ادوار میں بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ وڑن کے تحت نومبر میں تھرپارکر اور سکھر میں پروگرام منعقد کرنے کی تجویز ہے، جس کیلئے 15 سے 17 نومبر کی تاریخیں عارضی طور پر تجویز کی گئی ہیں۔

سکھر میں تقریب اور پریس کلب پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا جبکہ ملک بھر سے صحافیوں کو مدعو کرنے کی کوشش کی جائے گی۔شرجیل میمن نے کہا کہ 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے جبکہ سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت سندھ کے منصوبوں نے عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ سندھ حکومت عالمی معیار کے مزید منصوبے اور تقریبات متعارف کرانے کیلئے کوشاں ہے۔

سکھر میں جدید طرز کا اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس میں نجی شعبے اور سرپرستوں کو شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھا رہی ہے۔ پاکستان کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد اور یکجہتی سے کیا جاسکتا ہے۔

ٹرانسپورٹ سے متعلق سوال پر سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل اقدامات کررہی ہے۔ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے کام جاری ہے اور موسمیات فلائی اوور کو کھولنے کیلئے ضروری مراحل مکمل کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر کمرشل ٹریفک کی روانی تقریباً بحال ہوچکی ہے جبکہ کام کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات جلد دور کی جائیں گی۔

انہوں نے غیر مصدقہ اطلاعات اور جعلی خبروں سے گریز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ منصوبوں اور حکومتی اقدامات سے متعلق درست معلومات عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔سیاسی احتجاج سے متعلق سوال پر شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی جدوجہد اور احتجاج ہر سیاسی کارکن کا جمہوری حق ہے تاہم احتجاج پرامن اور قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ یا ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکیں محدود ہیں، اس لیے احتجاج کے دوران شہریوں کی مشکلات کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اور قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مبینہ ملاقات سے متعلق سوال پر شرجیل میمن نے کہا کہ بعض صحافی ذرائع کی بنیاد پر ملاقات کی خبریں چلا رہے ہیں، تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ان کے بقول باضابطہ ملاقات ہوتی تو اس حوالے سے خبر یا تصویر سامنے آتی۔دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے متعلق انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث دہشت گردی ایک بڑا چیلنج ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن بھی دہشت گردی کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس ملک کیلئے انتہائی دردناک واقعہ تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور ریاستی اداروں کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔