پنجاب میں 40 پرائمری سٹروک سینٹرز مکمل فعال، 336مریضوں کی جانیں بچائی گئیں‘ عظمیٰ بخاری

بدھ 30 ستمبر 2026 16:52

پنجاب میں 40 پرائمری سٹروک سینٹرز مکمل فعال، 336مریضوں کی جانیں بچائی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کینسر کے مرض کے علاج کے ساتھ سٹروک کے علاج معالجے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کر رہی ہیں، پنجاب میں پہلی مرتبہ صوبے بھر میں سٹروک سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں، مریم نواز کے بروقت اقدامات کی وجہ سے فالج زدہ 336 مریضوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں 40پرائمری سٹروک سینٹر مکمل طور پر فنکشنل ہو چکے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 17سٹروک سینٹر مزید دسمبر تک فعال کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے، تمام سٹروک سینٹر میں فالج زدہ مریضوں کے لیے 710ٹی این کے انجیکشن دستیاب ہیں،اب فالج کے کسی متاثرہ مریض کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے شہریوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کر رہی ہیں، پنجاب صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہا ہے، اسی لیے دوسرے صوبوں سے لوگ پنجاب میں علاج کروانے آتے ہیں، پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات مل رہی اور تمام ٹیسٹ مفت ہو رہے ہیں۔