سندھ میں ریبیز سے 35 اموات، محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

ماہ میں کتوں کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد کیسز تشویشناک ہیں، سرکاری اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جائے، رضوان نیازی

بدھ 30 ستمبر 2026 17:58

سندھ میں ریبیز سے 35 اموات، محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) پی ٹی آئی سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری رضوان نیازی نے سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ریبیز سے ہونے والی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں 9 ماہ کے دوران کتوں کے کاٹنے کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہونا انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ ریبیز کے باعث 35 اموات محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ حکومت سندھ اور محکمہ بلدیات آوارہ کتوں کی روک تھام کیلئے مؤثر اور مستقل حکمت عملی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ شہریوں کو آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

رضوان نیازی نے کہا کہ کتے کے کاٹنے کے بعد بروقت اینٹی ریبیز ویکسین نہ ملنا انسانی جان کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔

سرکاری اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں اینٹی ریبیز ویکسین کا مناسب ذخیرہ ہر وقت موجود ہونا چاہیے تاکہ متاثرہ شہریوں کو علاج کیلئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ سرکاری اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی مستقل فراہمی یقینی بنائے اور ویکسین کے معیار اور مؤثریت کی بھی نگرانی کی جائے۔ کتے کے کاٹنے والے ہر شہری کو فوری طبی امداد اور مکمل ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ریبیز سے ہونے والی اموات کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت سندھ صوبے بھر میں آوارہ کتوں کی روک تھام کیلئے جامع اور مستقل پالیسی تشکیل دے اور بلدیاتی اداروں کے ذریعے اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ ریبیز سے بچاؤ کیلئے صرف ویکسین کی دستیابی کافی نہیں، عوامی آگاہی، فوری طبی امداد اور بروقت ویکسینیشن بھی ضروری ہے۔ حکومت سندھ کو چاہیے کہ صوبے بھر میں آگاہی مہم شروع کرے اور ریبیز کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں متحرک کیا جائے۔