بی آر ٹی بس حادثے کے تناظر میں حفاظتی اقدامات میں بہتری کےلیے ہنگامی اجلاس کا انعقاد

جمعہ 12 دسمبر 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2025ء) بی آر ٹی بس حادثے کے تناظر میں حفاظتی اقدامات میں مزید بہتری کےلیے گزشتہ روز ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ٹرانس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز پشاور بی آر ٹی راہداری پر پیش آنے والے بس حادثے کے بعد جس میں ڈرائیور کی طبیعت خراب ہونے کے باعث بس حفاظتی جنگلے سے ٹکرا گئی، ٹرانس پشاور کے بورڈ چئیرمین، ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اکرام اللہ خان اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیر کی ہدایت پر ڈاکٹر سید مرتضیٰ اصغر بخاری چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس پشاور نے وہیکل آپریٹنگ کمپنی کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تاکہ واقعے کا جائزہ لیا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچاؤ کے لیے جامع حفاظتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ وہیکل آپریٹنگ کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام ڈرائیورز کی پروفائلنگ کا باقاعدہ نظام مرتب کرے اور ایک مرکزی ڈیٹا بیس تیار کرے جس کے تحت ہر ڈرائیور کا ہر چھ ماہ بعد لازمی فٹنگ اور طبی فٹنس ٹیسٹ کیا جائے۔ اس کے علاوہ واقعے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے ایک تھرڈ پارٹی تکنیکی ماہر مقرر کر دیا گیا ہے جو 20 دن کے اندر حقائق پر مبنی ایک جامع رپورٹ جمع کروائے گا۔

بیان کے مطابق ٹرانس پشاور مسافروں کی حفاظت اور سروس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتا۔ یہ اقدامات ادارے کے آپریشنل خطرات کے خلاف زیرو ٹالرنس رویے اور بی آر ٹی سسٹم کے حفاظتی معیار کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا واضح ثبوت ہیں۔