الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 18 ہری پور میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا

بدھ 24 دسمبر 2025 23:22

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 18 ہری پور میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 دسمبر2025ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 18 ہری پور میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ شہر ناز عمر ایوب کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کی، جس دوران درخواست گزار کے وکیل اور الیکشن کمیشن حکام نے اپنے مؤقف پیش کیے۔

سماعت کے آغاز پر شہر ناز عمر ایوب کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دائر کی گئی تین درخواستوں میں سے دو واپس لی جا رہی ہیں، جبکہ باقی درخواست کے ذریعے ریٹرننگ آفیسر سے انتخابی ریکارڈ کی فراہمی کی استدعا کی گئی ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار اپنا بنیادی معاملہ الیکشن ٹربیونل میں لے جانا چاہتی ہیں، تاہم اس سے قبل ریکارڈ کا حصول ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ بیشتر انتخابی ریکارڈ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے سیل کیا جا چکا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن ریٹرننگ آفیسر کو ہدایات جاری کر دے گا اور جو ریکارڈ دستیاب ہوگا وہ درخواست گزار کو فراہم کیا جائے گا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران بینچ نے اس بات پر زور دیا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور درخواست گزار کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ریلیف فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا۔