سلمان خان 60 سال کے ہوگئے، فیملی اور مداحوں کے ساتھ کیک کاٹا

60سال کی عمر پریشان نہیں کرتی، جو کچھ کر رہا ہوں وہ 40کی دہائی سے بہتر ہے ، اب توانائی، جوش و تجربہ تینوں موجود ہیں، اداکار

ہفتہ 27 دسمبر 2025 17:45

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2025ء) بالی ووڈ کے سپر سٹار سلمان خان 60برس کے ہوگئے ،قریبی دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ پنویل فارم ہائوس میں کیک کاٹا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب میں سلمان خان کے خاندان کے افراد کے علاوہ فلم اور کھیل کی دنیا سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات شریک ہوئیں۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان نے کیک کاٹنے کیلئے والد سلیم خان کو مدعو کیا، جبکہ ان کے بھائی سہیل خان بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

(جاری ہے)

سالگرہ کی محفل میں کرشمہ کپور، ادیتیا رائے کپور، جینیلیا دیش مکھ، راکول پریت سنگھ، ہما قریشی، ایم ایس دھونی، سنگیتا بجلانی، میکا سنگھ، منیش پال، پراگیا جیسوال اور ذیشان صدیقی سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی جس سے تقریب مزید یادگار بن گئی۔اس موقع پر سلمان خان فارم ہائوس کے باہر موجود میڈیا اور مداحوں کے پاس آئے اور ملاقات کی اور مزید کیک کاٹے۔ سالگرہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ 60برس کی عمر انہیں کسی طور پریشان نہیں کرتی، جو کچھ کر رہا ہوں وہ 20، 30 یا 40 کی دہائی سے بھی بہتر ہے کیونکہ اب میرے پاس توانائی، جوش اور تجربہ تینوں موجود ہیں، جو بہترین امتزاج ہے۔