Live Updates

یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام دوسرے سالانہ ریسرچ ایرینا کی اختتامی تقریب کا انعقاد

پیر 5 جنوری 2026 21:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام دوسرے سالانہ ریسرچ ایرینا کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریسرچ ایرینا کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے والے تعلیمی و انتظامی افسران اور جملہ ملازمین کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈز دیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چابہار انٹرنیشنل یونیورسٹی، ایران کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالغفور بادپا تھے جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال سمیت مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان، افسران اور ریسرچ ایرینا کی سرگرمیوں میں رضاکارانہ خدمات سرانجام دینے والے طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چابہار انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالغفور بادپا نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد مسرت ہوئی ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، مشترکہ تہذیبی ورثے اور مضبوط سماجی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان فطری قربت کی عکاسی کرتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالغفور بادپا نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو تعلیمی و تحقیقی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کی جامعات مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے اور علمی تعاون کے ذریعے خطے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا تعلیمی اشتراک نہ صرف دونوں اقوام کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ خطے میں علم، امن اور ترقی کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے پانچ روزہ ریسرچ ایرینا کے دوران ستر سے زائد تعلیمی، تحقیقی اور سماجی سرگرمیوں کا انعقاد کیا، جو کسی بھی جامعہ کے لیے ایک بڑا اعزاز اور تحقیقی وژن کی واضح عکاسی ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ریسرچ ایرینا اپنی نوعیت کی دوسری باوقار علمی و تحقیقی سرگرمی تھی، جس میں تمام شعبہ جات کے فیکلٹی اور سٹاف نے غیر معمولی جوش و جذبے سے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اختتامی تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد ان محنتی فیکلٹی اور سٹاف ممبران کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنہوں نے تحقیق، جدت اور نئے علوم سے والہانہ وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسرچ ایرینا کو ایک یادگار علمی ایونٹ بنا دیا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ انہیں اس بات پر کامل یقین ہے کہ اگر فیکلٹی اور سٹاف اسی جذبے اور محنت سے کام کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب یونیورسٹی آف سرگودھا قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک ممتاز جامعہ کے طور پر جانی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ آنے والے برسوں میں یونیورسٹی آف سرگودھا کو پاکستان کی پانچ بہترین اور دنیا کی پانچ سو بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کروایا جائے، تاکہ اسے علوم کی آبیاری اور نتیجہ خیز تحقیق کے ایک عالمی مرکز کے طور پر پہچانا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر سال ریسرچ ایرینا کا انعقاد تسلسل کے ساتھ یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بطور وائس چانسلر مجھے یونیورسٹی کے تمام تعلیمی و انتظامی سربراہان پر فخر ہے، جن کی انتھک کاوشوں سے یونیورسٹی آف سرگودھا بہت جلد ملک کی صفِ اوّل کی جامعات میں شمار ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے کہا کہ ریسرچ ایرینا کا دوسرا ایڈیشن اس لحاظ سے بھی منفرد رہا کہ اس کے دوران منعقد ہونے والی ستر سے زائد سرگرمیاں سپانسرشپ کے ذریعے کامیابی سے منعقد کی گئیں۔

انہوں نے تمام محققین، اختراع کاروں اور شراکت داروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے مزید کہا کہ تحقیق کسی بھی تعلیمی ادارے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اسی لیے ریسرچ ایرینا کی تمام سرگرمیوں کو پائیدار ترقی کے عالمی اہداف کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا۔ انہوں نے ریسرچ ایرینا کی ٹیم کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی اسی نوعیت کی مزید معیاری تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات