بارانی زرعی یونیورسٹی نے کینیڈا کی 4 جامعات کے ساتھ تحقیقی اشتراک شروع کردیا، ڈاکٹر قمر الزمان

پیر 5 جنوری 2026 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2026ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کینیڈا کی 4 نمایاں یونیورسٹیوں کے ساتھ باقاعدہ تحقیقی اشتراک شروع کر دیا ہے جبکہ جلد ہی امریکہ اور یورپی ممالک کی جامعات کے ساتھ بھی تعاون کا سلسلہ بڑھایا جائے گا، ہماری یونیورسٹی اب روایتی تحقیق سے آگے بڑھ کر صنعت اور کسانوں کو درپیش حقیقی مسائل کے حل پر مبنی ریسرچ کی طرف گامزن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانسڈ سٹڈیز کے زیرِ اہتمام پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لئے منعقدہ آگاہی و تعارفی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تحقیق کو ملکی معیشت اور زراعت کی بہتری کے لئے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی تحقیق کے فروغ، تربیت اور طلبہ کی رہنمائی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، بین الاقوامی تحقیقی تعاون پر مبنی لیکچر سیریز اسی سلسلے کی کڑی ہے جس سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ پاکستان کی علمی ساکھ بھی مستحکم ہوگی،سیشن کا بنیادی مقصد طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ اور انہیں یونیورسٹی کے تحقیقی ڈھانچے سے روشناس کرانا تھا۔

اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانسڈ سٹڈیز کی جانب سے طلبہ کو تحقیقی عمل کے اہم اجزاء جیسے لٹریچر ریویو، میٹریل اینڈ میتھڈز، ڈیٹا اینالیسس اور لٹریچر سائیٹڈ پر خصوصی تربیت دی گئی۔تقریب میں پوسٹ گریجویٹ ریسرچ ریویو اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کی پریزنٹیشن پیش کی گئی اور طلبہ کو فروری 2026 میں منعقد ہونے والے پوسٹر سیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ تحقیق میں اخلاقی اصولوں کی پاسداری اور کوالٹی ایشورنس کے سخت معیار ہمارے لئے ناگزیر ہیں۔ سیشن کے اختتام پر فیکلٹی اور طلبہ کے مابین سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز دی گئیں۔