خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں موسم شدید سرد، کالام میں درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ

پیر 5 جنوری 2026 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2026ء) پشاور شہر اور نواحی علاقے گہرے بادلوں کے لپیٹ میں ہے جبکہ بادلوں کے ساتھ موسم بھی شدید سرد رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، صوابی، کرک اور بنوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، جی ٹی روڈ پر صبح سویرے اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز دیر اور باجوڑ میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی کالام میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ پاراچنار اور مالم جبہ میں منفی 3، دیر بالا میں منفی 2، دروش اور چترال میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرات 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب، پی آئی اے کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کے باعث پروازوں کی آمد و رفت متاثر رہی، خراب موسم اور کم حدِ نگاہ کے باعث قطر ایئرویز کی پرواز اسلام آباد منتقل کی گئی۔