جنرل ہسپتال میں زیر علاج زخمی طالبہ کی گفتگو پر مبنی ویڈیو جاری

ماہرین نفسیات کی ٹیم نے طالبہ اور اس کے اہلِ خانہ کے ساتھ تفصیلی سیشنز کیے،کونسلنگ کا یہ سلسلہ آئندہ بھی مسلسل جاری رکھا جائے گا

جمعرات 8 جنوری 2026 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جنوری2026ء) جنرل ہسپتال میں زیرِ علاج یونیورسٹی طالبہ کی ہمت اور معالجین کی شبانہ روز محنت رنگ لے آئی ، جس کے بعد چیئرمین اسپیشل میڈیکل بورڈ پروفیسر جودت سلیم کی زیرِ نگرانی قائم بورڈ نے طالبہ کی گفتگو کرتے ہوئے تازہ ویڈیو جاری کر دی ہے جو اس کی تیزی سے بہتر ہوتی صحت کی عکاس ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے طالبہ اب خطرے سے باہر ہے، اس کی طبی حالت میں واضح بہتری آنے پر ونٹی لیٹر ہٹا دیا گیا ہے۔

طالبہ کا علاج مثبت سمت میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پروفیسر جودت سلیم کی سربراہی میں قائم اس 9 رکنی اعلیٰ سطحی میڈیکل بورڈ میں شعبہ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر فائزہ اطہر اور ماہرِ نفسیات مس عالیہ صدف سمیت مختلف شعبہ جات کے ماہرین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بورڈ طالبہ کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ اس کی ذہنی و نفسیاتی بحالی کا بھی باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔

ماہرین نفسیات کی ٹیم نے طالبہ اور اس کے اہلِ خانہ کے ساتھ تفصیلی سیشنز کیے ہیں اور کونسلنگ کا یہ سلسلہ آئندہ بھی مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ طالبہ کو صدمے کی کیفیت سے مکمل طور پر نکال کر نارمل زندگی کی طرف لایا جا سکے۔پروفیسر فاروق افضل نے مزید بتایا کہ طالبہ کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جسمانی علاج کے ساتھ ساتھ طالبہ کی ذہنی صحت اور مکمل بحالی ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ جلد از جلد مکمل صحت یاب ہو کر اپنی معمولاتِ زندگی دوبارہ شروع کر سکے۔

متعلقہ عنوان :