ملک کے مختلف شہروں میں شدید سردی اور دھند کا راج

لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں درجہ حرارت میں کمی اور فضائی آلودگی برقرار

بدھ 14 جنوری 2026 19:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2026ء) پاکستان کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور دھند نے راج کر دیا ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے جبکہ دھند اور فضائی آلودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔

لاہور شدید دھند کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے اور مختلف علاقوں میں سفیدی چھا گئی ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوا میں نمی 91 فیصد اور ہوا کی رفتار دو کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فضائی آلودگی کے لحاظ سے لاہور چھٹے نمبر پر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 186 ریکارڈ کیا گیا ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

شہرِ قائد کراچی میں بھی سردی کی شدت جاری ہے۔ رات کے وقت درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ صبح کے اوقات میں 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں اور پاکستان کے شہروں میں آٹھویں نمبر پر ہے، جہاں آلودہ ذرات کی مقدار 195 ریکارڈ کی گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر سمجھی جاتی ہے۔