ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم، میدانی علاقوں میں شدید دھند کا امکان

جمعرات 15 جنوری 2026 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2026ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران شدید دھند پڑنے کا امکان ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور میں سردی کے ساتھ دھند کا راج رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 3 سے 14 ڈگری کے درمیان رہے گا۔کراچی میں موسم سرد اور خشک ہے، کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پشاور میں موسم سرد رہے گا، جہاں درجہ حرارت 1 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔کوئٹہ میں شدید سردی بدستور برقرار ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ مری اور گلیات میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے، جہاں درجہ حرارت منفی 2 سے 15 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔

اسکردو میں پارہ منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، جس کے باعث نظامِ زندگی سخت متاثر ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرہ پڑنے کا امکان ہے، جس پر شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔