جی سی یو لاہور اور پاکستان سنگل ونڈو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 12 فروری 2026 22:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2026ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور پاکستان سنگل ونڈو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت شعبہ انٹرپرینیورشپ کے طلبہ کو تجارت سے متعلق جدید پلیٹ فارمز، انٹرن شپ اور پیشہ ورانہ رہنمائی کے مواقع میسر آئیں گے۔معاہدے کے مطابق ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے طلبہ کو پی ایس ڈبلیو کے ٹریڈ فسیلیٹیشن نظام، درآمد و برآمد کے طریقہ کار اور کاروباری کمپلائنس کی عملی سمجھ دی جائے گی۔

اس کے ساتھ انٹرن شپ، لائیو پراجیکٹس، کیس اسٹڈیز اور ماہرین کے سیشنز کے ذریعے ریگولیٹری فریم ورک اور ڈیجیٹل ٹریڈ سسٹمز کا براہِ راست تجربہ فراہم کیا جائے گا۔پی ایس ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر اور جی سی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر بابر عزیز، ڈاکٹر صائمہ سرور اور ڈاکٹر فوزیہ شاہن بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ شراکت داری سے طلبہ کی کاروباری صلاحیتیں نکھریں گی، تجارت کی آگاہی بڑھے گی اور انہیں حقیقی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تربیت ملے گی۔ معاہدے میں خواتین طلبہ کے لیے خصوصی تربیت اور مینٹورشپ کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورکنگ پروگرامز اور ٹریڈ فیئرز کے ذریعے طلبہ کو ماہرین اور کاروباری حلقوں سے جوڑا جائے گا۔