نمل اور دی کوریا یونیورسٹی کے مابین تعلیمی و ثقافتی تعاون کے فروغ کے لئے لیٹر آف انٹرسٹ پر دستخط

جمعہ 13 فروری 2026 17:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)کے شعبہ کوریائی زبان و ثقافت اور دی کوریا یونیورسٹی کے مابین تعلیمی تبادلے، تحقیقی تعاون اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لئے لیٹر آف انٹرسٹ پر دستخط کئے گئے۔اس سلسلے میں کوریا یونیورسٹی کا تین رکنی وفد جس کی قیادت ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کورین لینگویج اینڈ لٹریچر ڈاکٹر لی ہینگ ڈے کر رہے تھے، نے نمل کا دورہ کیا اور ریکٹر میجر جنرل شاہد محمود کیانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ لیٹر آف انٹرسٹ کے تحت اساتذہ اور عملے کے تبادلے، طلبہ کے تبادلے، تعلیمی مواد کے تبادلے اور مشترکہ پروگرامز بشمول مشترکہ تدریس، تحقیق، کانفرنسز اور ثقافتی سرگرمیوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں، وفد نے اقبال ہال میں شعبہ کوریائی زبان و ثقافت کے زیر اہتمام کوریائی ثقافت کی جھلک پیش کرنے والی ایک رنگا رنگ تقریب میں شرکت کی۔

طلبہ نے کوریائی زبان اور ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اپنی دلکش پرفارمنسز کے ذریعے اجاگر کیا جسے مہمانوں نے بے حد سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لی ہینگ ڈے نے پاکستان میں کوریائی زبان اور ثقافت کے فروغ میں نمل کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ نمل کے شعبہ کوریائی زبان و ثقافت کے وہ طلبہ جو دی کوریا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے، ان کی ٹیوشن فیس معاف کی جائے گی جسے انہوں نے تعلیمی تبادلے اور بین الاقوامی مواقع کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔