رحیم یارخان،دھی رانی پروگرام کے تحت 170 مستحق جوڑے رشتہ ازواج میں منسلک ہو گئے

جمعہ 13 فروری 2026 19:31

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی پروگرام“دھی رانی”کے تحت ضلع رحیم یار خان میں 170 مستحق جوڑے اجتماعی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ اجتماعی شادیوں کی یہ پروقار تقریب نجی مارکی میں منعقد ہوئی جس میں نوبیاہتا جوڑوں نے اپنے والدین، عزیز و اقارب کے ہمراہ شرکت کی۔ دولہا دلہن کا شاندار استقبال ڈھول کی تھاپ پر کیا گیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان ظہیر انور جپہ، ارکان صوبائی اسمبلی بیگم عشرت اشرف، چوہدری محمود احمد، نسرین ریاض گجر، سابق ارکان اسمبلی میاں امتیاز احمد، چوہدری محمود الحسن چیمہ، چوہدری عمر جعفر، میاں عامر شہباز و دیگر موجود تھے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر بیت المال و سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ تھے، جنہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑوں کو دو لاکھ روپے فی کس سی ٹی ایم کارڈ کی سلامی بطور تحفہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے فراہم کی۔

(جاری ہے)

“دھی رانی”پروگرام کے تحت نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔اس پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت اقلیتی برادری کی شمولیت رہی، جہاں ہندو اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی بیٹیاں بھی پیا گھر سدھار گئیں۔ ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی 22 اور کرسچن برادری کی 6 بیٹیوں کی رخصتی اُن کی مذہبی رسومات کے مطابق انجام دی گئیں، جو مذہبی رواداری کی عملی مثال ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ“ریاست ماں جیسی ہوتی ہے”کا نعرہ آج حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پنڈال میں بغیر کسی مذہبی یا لسانی تفریق کے مسلم، مسیحی اور ہندو بیٹیاں موجود ہیں، جو ہمارے دین اور آئین کے مطابق مساوی حقوق کی عکاس ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ حکومتی اقدامات سے کوئی بھی گھرانہ محروم نہ رہے، اور اسی وژن کے تحت مشکل معاشی حالات میں بیٹیوں کی ذمہ داری ریاست نے سنبھالی ہے تاکہ وہ باعزت انداز میں رخصت ہو سکیں۔\378