پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے ہر پاکستانی متاثر ہوگا،پی پی چکوال

پیر 16 فروری 2026 21:54

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2026ء) پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میںاضافے پر پاکستان پیپلز پارٹی چکوال کے رہنمائوں نے شدید ردعمل کا اظہا رکیا ہے۔ راجہ رضوان ڈنڈوت ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی چکوال نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے ہر پاکستانی متاثر ہوگا۔راجہ مظہر ہستال ضلعی جنرل سیکرٹری ٹکٹ ہولڈر پی پی 22 نے کہا کہ مقدس مہینے رمضان المبارک کے آغاز سے چند دن قبل مہنگائی بم گرانا انتہائی زیادتی ہے۔

راجہ فرقان اختر ضلعی سیکرٹری انفارمیشن نے کہا کہ دٴْنیا بھر کی ممالک میں مذہبی تہواروں پر حکومتیں عوام کو ریلیف دیتی ہیں۔سردار ذوالفقار دلہہ سینئر نائب صدر ٹکٹ ہولڈر این اے 58 نے کہا کہ حکومت کوئی ریلیف نہیں دے سکتی تو عوام کو رمضان سے قبل یہ تکلیف بھی نہ دیتی۔

(جاری ہے)

چوہدری نوشاد علی خان ٹکٹ ہولڈر پی پی 20 نے کہا کہ رمضان المبارک کے قریب آتے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کے بجٹ کو شدید متاثر کریگا۔

راجہ امجد نور ٹکٹ ہولڈر پی پی 21 نے کہا کہ گھریلو بجٹ تباہ ہو چکا ہے مگر سرکار کے ایوانوں میں جیسے کوئی ہلچل نہیں۔راجہ تنویر گاہی تحصیل صدر کلرکہار نے کہا کہ حکومت کو احساس ہونا چاہیے کہ اس فعل سے عوام کو معاشی عدم تحفظ کی طرف دھکیل رہی ہے۔شیخ مدثر شہزاد ایڈووکیٹ ضلعی صدر پی وائی او چکوال نے کہا کہ پیپلزپارٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو نہ صرف مسترد کرتی ہے بلکہ اسکی شدید مذمت کرتی ہے۔