کراچی: یونیورسٹی روڈ پر لاش کیسے لائی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر

جمعرات 19 فروری 2026 14:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2026ء) گزشتہ روز یونیورسٹی روڈ پر نصیر ٹاور کے قریب سے ملنے والی لاش کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مقتول کی لاش لائے جانے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، فوٹیج کے مطابق مقتول مزمل شاہ کو قتل کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر لاد کر لایا گیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر دو نامعلوم افراد سوار تھے جنہوں نے مقتول کی لاش کو اپنے درمیان بٹھایا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ملزمان مقتول کو سڑک کنارے پھینک کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت مزمل شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو سچل کے علاقے کا رہائشی تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مزمل شاہ گلستانِ جوہر میں مرغی کے گوشت کی ایک دکان پر کام کرتا تھا۔پولیس حکام کے مطابق مقتول مزمل شاہ نشے کا عادی تھا اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ وہ اس سے قبل مختلف کیسز میں تین بار جیل بھی جا چکا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے تاکہ قتل کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے