یونیورسٹی آف سرگودھا میں قائم نئے چائنہ ریسورس لاؤنج کا افتتاح، چائنہ کے نئے سال کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام

جمعرات 19 فروری 2026 17:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے زیرِ اہتمام خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ہمسایہ و دوست ملک چائنہ کے نئے سال کی تقریبات کا اہتمام اور یونیورسٹی میں قائم نئے چائنہ ریسورس لاؤنج کا بھی افتتاح کیا گیا۔ یہ دونوں تقریبات پاک چائنہ سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ ہیں جو 2026ء کے دوران یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقد ہو ں گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس تھےجبکہ پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان مہمان اعزاز تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اعوان، ڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر عمران غفور، ڈائریکٹر ایمپلی منٹیشن ڈاکٹر غلام مرتضی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس،ڈائریکٹرایکڈمکس ڈاکٹر عظمی شہزادی، پرنسپل کالج آف ایگری کلچر پروفیسر ڈاکٹراعجاز رسول نورکا،ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال ، ڈائریکٹر ون ہیلتھ پروگرام پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات،ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم ڈاکٹر منیر گجر اور طلبہ وطالبات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے تعلقات صرف دوستی اور سفارتی حد تک محدود نہیں بلکہ پاکستان اور چائنہ تعلقات تعلیمی، تحقیقی اور تجارتی حوالے سے بہت اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک میں دن بدن مختلف شعبہ جات میں درآمد ات اوربرآمدات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ اسوقت تمام شعبہ جات میں پوری دنیا کو لیڈ کرنا شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی بھی چائنہ کے مختلف اداروں کے ساتھ بہت سے شعبہ جات میں مشترکہ طور پر کام کر رہی ہے جس کے دوررس نتائج سامنے آ ر ہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر چائنہ ریسورس لاؤنج کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز یونیورسٹی کے تعلیمی انفراسٹرکچر کوبہتر بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہو گا اور یہ لاؤنج محض ایک کمرہ نہیں بلکہ تحقیقی مرکزہےجو یونیورسٹی میں موجود اساتذہ، طلبہ وطالبات اورمحققین کے لئے ایک غیر معمولی مرکز ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اعوان نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد پاکستان اور چائنہ کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ایک کڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جس طرح چائنہ تعلیمی میدان میں بہت ترقی کر گیا ہے، اسی طرح پاکستان بھی اب علمی وتحقیقی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اور سرگودھا یونیورسٹی میں قائم شدہ ریسورس لاؤنج سے علم وعمل کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔تقریب میں چین کے نئے سال کی یاد میں کیک بھی کاٹا گیا۔