اگر دانتوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو مختلف بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے،ڈاکٹر ارشد حسین ملک

جمعہ 6 مارچ 2026 13:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2026ء) دانتوں کی صحت انسان صحت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ، اس حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔نیشنل ڈینٹسٹ ڈے منانے کا مقصد دانتوں کے ڈاکٹروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو دانتوں کی صفائی ،حفاظت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ اگر دانتوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو مختلف بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے نہ صرف دانت بلکہ جسم کے دیگر حصے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار نیشنل ڈینٹسٹ ڈے کے موقع پر جویریہ ڈینٹل کلینک میں فری میڈیکل کیمپ سے سینئر ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ارشد حسین ملک نےخطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ دن میں کم از کم دو مرتبہ دانت ضرور صاف کرنے کی عادت اپنائیں اور میٹھی اشیاء کے زیادہ استعمال سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو بچپن ہی سے دانتوں کی صفائی کے بارے میں شعور دینا ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں دانتوں کی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

ڈاکٹر ارشد حسین ملک نے مزید کہا کہ ایسے فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا مقصد معاشرے کے ان افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث بروقت علاج نہیں کرا پاتے۔ انہوں نے کہا کہ جویریہ ڈینٹل کلینک آئندہ بھی عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ایسے فلاحی اقدامات جاری رکھے گا۔میڈیکل کیمپ کے دوران مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور انہیں دانتوں کی صفائی، مسوڑھوں کی بیماریوں اور دیگر ڈینٹل مسائل کے حوالے سے مفید مشورے بھی دیے گئے۔ اس موقع پر شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر ارشد حسین ملک اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :