معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر شاندار جشنِ فتح، قوم متحد ہوکر پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے کردار ادا کرے، ڈاکٹر عشرت العباد خان

پیر 11 مئی 2026 20:53

معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر شاندار جشنِ فتح، قوم متحد ہوکر پاکستان کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور روحِ رواں میری پہچان پاکستان ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ آج پاکستانی قوم کی اہمیت پوری دنیا میں اجاگر ہو چکی ہے اور پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور باصلاحیت ریاست کے طور پر عالمی سطح پر اپنی شناخت منوا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتی میدان میں بھی پاکستان کو ایک سپر پاور سوچ رکھنے والی ذمہ دار ریاست ثابت کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنیان المرصوص اور معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب بن چکے ہیں جس نے پوری قوم کو اتحاد، قربانی، استقامت اور حب الوطنی کا عملی درس دیا۔

(جاری ہے)

آج دشمن قوتیں یہ جان چکی ہیں کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔انہوں نے یہ بات اتوار کی شام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ جشنِ فتح کی تقریب سے ملک بھر میں بیک وقت ویڈیو لنک اور آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پروفیسر عمر فاروق، نہال احمد صدیقی، فاروق ملک، محمد پناہ پنہیار، سیف یار خان، سلیم سہروردی، سہیل خان، مقصود قریشی، عامر بنواز، آصف قدوس، رضوان احمد فکری، نعیم اسطفی نمک والا، ڈاکٹر صفیہ، وسیم گوندل سمیت پاکستان بھر کی مختلف آرگنائزنگ کمیٹیوں کے عہدیداران، کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب کے ذریعے پوری قوم کو نئی توانائی، نیا جذبہ اور نیا حوصلہ دیا ہے۔ ان کا خطاب نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے سپہ سالار کے وژن اور قومی سوچ پر چلتے ہوئے تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی، معیشت اور قومی خدمت کے میدان میں کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان دنیا کی عظیم اور ترقی یافتہ اقوام کی صف میں نمایاں مقام حاصل کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک نظریہ اور ایک عظیم قربانی کا نام ہے۔ افواجِ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے جبکہ پاکستانی عوام نے بھی ہمیشہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ یہی اتحاد دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بناتا ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہا کہ میری پہچان پاکستان (MPP) ملک بھر میں قومی یکجہتی، نوجوانوں کی مثبت تربیت، تعلیم، امن، برداشت اور حب الوطنی کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ذاتی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے ایک قوم بن کر آگے بڑھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں، پاکستانی قوم کبھی مایوس نہیں ہوتی، آزمائشیں ہمیں مزید مضبوط بناتی ہیں۔ انشا اللہ پاکستان ترقی، استحکام اور کامیابی کی نئی منزلیں طے کرے گا اور دنیا میں سبز ہلالی پرچم مزید سربلند ہوگا۔