راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں یومِ خواتین کے موقع پر "خواتین کی بااختیاری" کے موضوع پر آرٹ نمائش

جمعہ 6 مارچ 2026 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2026ء) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ’’خواتین کی بااختیاری‘‘ کے عنوان سے آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات کے تخلیق کردہ فن پاروں کے ذریعے معاشرے میں خواتین کے کردار، جدوجہد اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔نمائش کا افتتاح شعبہ انگریزی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر روح الامین نے یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کے پرنسپل افسران کے ہمراہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف فنونِ لطیفہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ خواتین کے حقوق اور خود مختاری کے پیغام کو بھی مؤثر انداز میں عام کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

نمائش میں طالبات کی جانب سے تیار کردہ مختلف فن پارے پیش کیے گئے جن میں ڈیجیٹل اور ہاتھ سے تیار کردہ ڈرائنگز، پوسٹرز اور مجسمے شامل تھے۔

یہ فن پارے مختلف میڈیمز کے ذریعے تخلیق کیے گئے تھے جن میں پیسٹلز، آئل پینٹ اور مکس میڈیا شامل تھے۔نمائش کی خاص بات پاکستان کی کامیاب خواتین شخصیات اور عام خواتین کی زندگیوں سے متاثر پورٹریٹس تھے جن کے ذریعے خواتین کی جدوجہد، طاقت اور معاشرے میں ان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا گیا۔ طالبات کے فن پاروں نے اس پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا کہ خواتین ہر شعبۂ زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ایک ترقی یافتہ معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے طالبات کی تخلیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی اور نوجوان فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔