Live Updates

:برطانیہ، فرانس، جاپان اور آسٹریلیا کا ٹرمپ کو جہاز دینے سے انکار، اسرائیل کا سپریم لیڈر کا طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کا بھی جواب میں 54 ویں لہر کا آغاز‘ سجیل میزائل برسا دیئے، آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستبقل برا ہوگا ، ٹرمپ

پیر 16 مارچ 2026 21:35

ؐتہران، واشنگٹن، مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2026ء) امریکا اسرائیل کے ایران اور لبنان پر حملے 16 ویں روز میں داخل ہو گئے، ایران نے بھی جواب میں 54 ویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے سجیل میزائل برسا دیئے، امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے چین سمیت دنیا بھر سے مدد کی اپیل کی تاہم کسی ملک نے ابھی بحری جہاز بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کا دعویٰ رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کسی سے مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا، ایران سعودی عرب پر حملوں میں ملوث نہیں، امریکا کے لوکس ڈرون ایرانی ڈرون شاہد کی نقل ہیں، وہی عرب ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں، امریکا نے ایرانی دعوے کی تردید کی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیٹو نے آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستبقل بہت برا ہوگا، ہم ایران سے بات کر رہے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق 7 ممالک سے بات چیت کررہے ہیں، ان سے آبنائے ہرمز کی حفاظت میں مدد کا مطالبہ کرتے ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں چین کے صدر سے طے شدہ ملاقات تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ ادھر ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہاتھا ایرانی بحریہ کو تباہ کردیا، ٹرمپ ہمت کریں خلیج میں امریکی نیوی بھیجیں۔

ترجمان کے مطابق ابھی 10 سال پہلے تیارکیے گئے میزائل استعمال کررہے ہیں، جون 2025 کے بعد تیار میزائل استعمال میں نہیں لائے۔امریکا کے معاشی اتحادی جاپان نے بھی آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔جاپانی حکمراں جماعت کے پالیسی چیف نے کہا کہ خطے میں بہت بڑی دہلیز پار ہوئی تبھی جاپانی بحری جہاز آبنائے ہرمز بھیجے جا سکیں گے۔

آسٹریلیا نے بھی آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کردیا، آسٹریلوی وزیر نے کہاکہ آسٹریلیا مشرق وسطیٰ کے مشن میں حصہ نہیں لے رہا۔چین بھی ٹرمپ کے مطالبے پر خاموش ہوگیا، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے کہا کہ چین متعلقہ فریقین سے رابطے مؤثر بنانے پر کام کر کے تعمیری کردار ادا کرے گا۔برطانوی وزیر توانائی ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز کھلی رکھنے کے لیے امریکا اور دیگر اتحادیوں سے بات چیت کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے ہم بارودی سرنگیں تلاش کرنے والے ڈرون بھیج دیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق برطانیہ نے بھی آبنائے ہرمز کے لیے بحری جنگی جہاز بھیجنے سے صاف انکار کیا، برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی امریکی صدر کو نہ کر دی۔اس کے علاوہ جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ ہم نے ٹرمپ کی اپیل پڑھ لی ہے، مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا قریبی سے جائزہ لے رہے ہیں
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات