ایچ ای سی کا جامعات کے لئے ’’مینٹورنگ پروگرام فار یونیورسٹیز‘‘ کا آغاز

منگل 17 مارچ 2026 23:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2026ء) ہائرایجوکیشن کمیشن پاکستان نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے ذریعے ملک بھر کےاعلیٰ تعلیمی اداروں کی قیادت اور فیکلٹی کو تربیت دینے کے لئے مینٹرنگ پروگرام فار یونیورسٹیز کا آغاز کردیا ہے، یہ پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خواتین کو بااختیار بنانے اوراُن کی رہنمائی کے لئے نومبر 2024 میں شروع کئے گئے ’’ویمن امپاورمنٹ اینڈ مینٹورنگ پروگرام‘‘ جو 18 بنیادی طور پرخواتین کی جامعات کے لئے شروع کیا گیا تھا، کا توسیعی ورژن ہے۔

مینٹورنگ پروگرام فار یونیورسٹیزایک ملک گیر اقدام ہے جس کا مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں میں قائدانہ صلاحیت اور پیشہ وارانہ ترقی کو تقویت دینا ہے۔ یہ پروگرام سرکاری و نجی دونوں شعبہ جات کی جامعات کے فیکلٹی ممبران اور قیادت کی معاونت کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ پروگرام پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی منظرنامے میں رہنمائی، تعاون اور علم کے اشتراک کے کلچر کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس سلسلے میں منگل کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں ایچ ای سی کی سینئر مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ شرکت کی۔ تقریب میں تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے بھی آن لائن شرکت کی۔ چیئرمین ایچ ای سی نے اپنے کلمات میں تعلیمی قیادت اور فیکلٹی کی رہنمائی کو ادارہ جاتی ترقی کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ صلاحیت کی حامل علمی شخصیات کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایسے سینئر ماہرین تعلیم کی مہارت سے فائدہ اٹھانے میں مدد کرے گا۔ ڈاکٹر نیاز نے ’ویمن امپاورمنٹ اینڈ مینٹورنگ پروگرام‘ کی کامیابی اور اس اقدام کے دائرہ کار کو تمام یونیورسٹیوں تک پھیلانے پر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اس کی بہت ضرورت تھی اور یہ پروگرام کو مزید بڑھانے کا بہترین وقت تھا۔ ڈاکٹر نور آمنہ نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیوں کے لئے شروع کردہ یہ پروگرام تعلیمی قیادت اور فیکلٹی کو درپیش مختلف نوع کے مسائل کو دور کرنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اپنے استفادہ کنندگان کو اداروں میں چیلنجوں سے نمٹنے، قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں کی ترقی اور تبدیلی کے ساتھ ساتھ ان کی اپنی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے رہنمائی فراہم کرے گا۔

وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے ’ویمن امپاورمنٹ اینڈ مینٹورنگ پروگرام‘ کے اثرات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام یونیورسٹیوں کو ان کی اپنی ضروریات کے مطابق نئے ماڈیولز کو شامل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام میں ماہرین تعلیم اور سیکھنے والوں کو بااختیار بنا کر پورے تعلیمی ماحولیاتی نظام کو تبدیل کرنے کی بڑی صلاحیت ہے۔