زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 18 مارچ 2026 14:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2026ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کے درمیان ہینڈ بال کے فروغ کے لیے تربیتی سہولیات، تکنیکی معاونت اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کے صدر محمد شفیق نے کئے۔

اس شراکت داری کے تحت زرعی یونیورسٹی اپنے موجودہ ہینڈ بال ہارڈ کورٹ، سینڈ کورٹ اور انڈور سہولیات کے ساتھ ساتھ نیشنل ہینڈ بال اکیڈمی اور ہائی پرفارمنس ریسورس سینٹر فراہم کرے گی۔ تقریب میں ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر محمد تحسین اظہر، پرنسپل آفیسر اسپورٹس ڈاکٹر ہارون زمان، ڈائریکٹر اسپورٹس محمد عاطف شفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فاروق اقبال و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یادداشت کے مطابق پاکستان ہینڈبال فیڈریشن نیشنل ہینڈ بال اکیڈمی کے انڈور ہال کے لیے مصنوعی فلورنگ کی فراہمی میں معاونت کرے گا۔ فیڈریشن طلبہ کی تربیت اور اکیڈمی کے امور میں معاونت کے لیے مستند کوچز اور تکنیکی ماہرین بھی فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ فیڈریشن یونیورسٹی کے ساتھ مل کر بین الجامعاتی اور بین الفیکلٹی ہینڈ بال مقابلوں کے انعقاد میں بھی تعاون کرے گی جبکہ زرعی یونیورسٹی ہینڈ بال کے میچز کے انعقاد کے لیے مکمل سہولیات فراہم کرے گی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ اقدام طلبہ کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی آگے بڑھنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے طلبہ میں اسپورٹس مین اسپرٹ پیدا کرنے اور انہیں کھیلوں کی جانب راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ محمد شفیق نے ملک بھر میں ہینڈ بال کے معیار کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے ساتھ یہ اشتراک کھیل کے میدان میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔